صوبائی سطح پر گندم کی خریداری کاہدف باآسانی حاصل کر لیا جائیگا،کمشنر سرگودھا

جمعرات 21 مئی 2020 16:41

صوبائی سطح پر گندم کی خریداری کاہدف باآسانی حاصل کر لیا جائیگا،کمشنر ..
سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہاکہ صوبائی سطح پر گندم کی خریداری کاہدف باآسانی حاصل کر لیا جائیگا۔ کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ گندم کو ذخیرہ کر کے آنے والے مہینوں میں مہنگی فروخت کر سکے گا۔ حکومت نے گندم کی قیمت مقرر کررکھی ہے کسی صورت بڑھنے نہیں دیںگے جبکہ تاجروں کو گندم بیرون ممالک سے خریدنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

ملک میں گندم کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ پنجاب میں کل کاشت کاصرف پانچواں حصہ حکومت گندم خرید رہی ہے۔ سرگودہا ڈویڑن میں ٹارگٹ کو حاصل کئے جانے تک حکومت مارکیٹ میں رہے گی۔میڈیا ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کرے سخت ایکشن لیاجائیگا۔مصنوعی بحران میں ملوث محکمہ خوراک سمیت ہر فرد کاسخت احتساب ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت نے فوڈ سیکورٹی کیلئے تما م انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔

ذخیرہ اندوزوں او رسمگلروں کیخلاف زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلورملوں کو کوٹہ کے تحت تین دن کی گندم خریدنے کی اجازت ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کے بحران کی بعض موصولہ شکایات پر فوری ایکشن لیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ 80فیصد باردانہ جاری کر کے 56فیصد خریداری ہدف مکمل کر لیاگیاہے۔

انہوں نے واضح کہاکہ ذخیرہ اندوزوں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا وہ گندم مارکیٹ میں لے آئیں۔ کمشنر نے کہاکہ تمام ایسے کاشتکار جنہوں نے سرکاری باردانہ حاصل کیا اور گندم خریداری مراکز پر نہیں لائے ان کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر نے بتایا کہ ٹڈی دل او رکورونا سے گندم کی کاشت متاثر نہیں ہوئی تاہم محکمہ خوراک سے ڈویڑن میںکل کاشت کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ آٹے کی قیمت کو کسی قیمت پر نہیں بڑھنے دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :