کاشتکار31مئی تک کپاس کی کاشت مکمل کریں۔ شہزاد صابر

جمعہ 22 مئی 2020 17:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان ڈویژن شہزاد صابرنے شجاع آباد، جلال پور پیر والا، لودھراں ،دنیا پوراورجہانیاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نوید عصمت کاہلوں بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے دورہ کے دوران مختلف مقاما ت پر کپاس کے کاشتکاروں سے ملاقات کی۔

کپاس کے فیلڈز کا معائنہ کیا اور اپریل کے پہلے ہفتے کی کاشتہ کپاس پر ڈسکی بگ اور گلابی سنڈی کے ممکنہ حملہ بارے کاشتکاروں کو آگاہ کیا۔ شہزاد صابر نے کہا کہ کاشتکار31مئی تک کپاس کی کاشت مکمل کریں۔ کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت اور فی ایکڑ منافع میں اضافہ کیلئے حکومت متعدداقدامات اٹھا رہی ہے جن میں بیجوں، کھادوں ،پی بی روپس اور سفید مکھی کے تدارک کیلئے زہروں پر سبسڈی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اپریل کاشتہ کپاس کی چھدرائی ،گوڈی اور ناغے پٴْر کرنے کا عمل بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کی جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے محکمانہ سفارشات اور ان کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات بارے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کیلئے فیلڈ عملہ عید کی چھٹیوں کے دوران بھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گا اس سلسلہ میں ملتان ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ڈویژن کے چند مقامات پر ٹڈی دل کے غول لینڈ کیے جن کی وجہ سے کپاس و دیگر فصلوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اس وقت پورے ڈوین میں ٹڈی دل کا کوئی غول موجود نہیں ہے لہٰذا کاشتکار اس آفت سے ہرگز نہ گھبرائیں اور اپنی کپاس کی کاشت و دیگر فصلوں کی نگہداشت پر توجہ دیں۔