مفتی پوپلزئی کا عید الفطر 24 مئی کو منانے کا اعلان

کل ان شاءاللہ تیسواں روزہ اور پرسوں بروز اتوار عید الفطر ہوگی: امیر جامع مسجد قاسم علی خان

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 مئی 2020 21:53

مفتی پوپلزئی کا عید الفطر 24 مئی کو منانے کا اعلان
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2020ء) مفتی پوپلزئی کا عید الفطر 24 مئی کو منانے کا اعلان، امیر جامع مسجد قاسم علی خان کا کہنا ہے کہ کل ان شاءاللہ تیسواں روزہ اور پرسوں بروز اتوار عید الفطر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی کی جانب سے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلایا گیا تھا۔ یہ اجلاس پشاور کی تاریخی مسجد قاسم علی خان میں ہوا۔

اجلاس کے بعد مفتی پوپلزئی نے اعلان کیا ہے کہ انہیں ملک کے کسی حصے سے شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا کل بروز ہفتہ کو 30 رمضان المبارک ہوگا، اور یوں عید الفطر اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ آج ملک بھر میں رمضان المبارک کا 28 واں روزہ تھا اور آج ہی مفتی پوپلزئی نے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

تاہم سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے فوری بعد مفتی پوپلزئی نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ ماہرین فلکیات اور موسمیات کی رائے میں کل بروز ہفتہ کو ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، قوی امکان ہے کہ ملک میں عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہوگی۔ جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا موقف ہے کہ جاری کردہ قمری کلینڈر ہی درست ہے، جس کے مطابق ملک میں عید الفطر دنیا کے بیشتر ممالک کیساتھ 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی۔