ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو ناکام بنانے والا تاجر برطانیہ میں گرفتار

ہفتہ 23 مئی 2020 12:43

ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو ناکام بنانے والا تاجر برطانیہ میں ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) امریکہ کے پراسیکیوٹر جنرل نے سرکاری طور پر ایرانی سونے کے تاجر سجاد شہیدیان پر تہران کیخلاف عائد کردہ پابندیوں کو غیر موثر بنانے کیلئے منی لانڈرنگ، دھوکہ دہی اور جعل سازی کا الزام عائد کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 33 سالہ ایرانی کاروباری شخصیت سجاد شہیدیان سہیل شہیدی کے نام سے مشہور ہے۔

حال ہی میں برطانوی پولیس نے شہیدیان کو حراست میں لیا ہے، برطانیہ میں ایرانی کاروباری شخصیت کی گرفتاری امریکا کے مطالبے پر عمل میں لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شہیدیا کو ایران میں ایک کامیاب کاروباری شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ پانچ سال کے دوران سونے کی تجارت سے 25 لاکھ ڈالر کا منافع کمایا ہے۔شہیدیان نے 2016ء میں ایران پر عائد کردہ اقتصادی پابندیاں اٹھنے کے چند ماہ بعد کاروبار شروع کیا تھا، انہوںنے سید سجاد شہیدیان اینڈ کو کے نام سے ایک کمپنی قائم کی تھی۔مذکورہ کمپنی ایران کے مرکزی بینک کیساتھ سونے اور اس کی مصنوعات کا لین دین کرتی رہی ہے۔ اس نے سونے کی تجارت اور کاروبار کیلئے دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ساتھ ساتھ منی لانڈرنگ کا طریقہ بھی اختیار کیا۔