پشاور:منظم ٹرانسفامر چور گروہ گرفتار

ہفتہ 23 مئی 2020 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2020ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بجلی ٹرانسفارمر چور گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے گروہ کے سرغنہ سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں مسروقہ ٹرانسفارمر خریدنے والے ریسیور بھی شامل ہیں، گرفتار ملزمان کا تعلق ضلع چارسدہ اور پشاور کے نواحی علاقوں سے ہے جنہوں نے پیسکو ڈیپارٹمنٹ کے جعلی سروس کارڈز بھی بنا رکھے تھے، ملزمان نے وارداتوں کی خاطر سوزوکی پک اپ پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹس بھی لگا رکھے تھے، ملزمان خود جو پیسکو اہلکار ظاہر کر کے ٹرانسفارمر مرمت/تبدیل کرانے کی خاطر جعلی سروے کرانے کے بعد کرین کے ذریعے ٹرانسفارمر اتار کر رفو چکر ہو جاتے تھے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد ٹرانسفارمر چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے 4 عدد مسروقہ ٹرانسفارمرز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا کرین اور سروس کارڈز بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مدعی محمد اسحاق ولد صادق سکنہ دورہ روڈ محلہ گڑھی عجب خان نے تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ چند نامعلوم افراد نے خود کو پیسکو کے اہلکار ظاہر کرکے بجلی ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس پی سٹی محمد شعیب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سبرب احتراز خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی سردارحسین پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملوث گینگ کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، خصوصی ٹیم نے جدید سائینسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کی اور گزشتہ روز کامیاب کاروائی کے دوران 5 ملزمان اویس ولد جہانگیر، فواد ولد رضا خان ساکنان عمر زئی، صلاح الدین ولد خیر الدین سکنہ قاضی کلے، حسین ولد سلیم سکنہ شاہ ڈھنڈ اور سردار ولد عطاء اللہ سکنہ شبقدر کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں مسروقہ ٹرانسفارمر کا لین دین کرنے والے ریسیور بھی شامل ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران جعلی نمبر پلیٹ لگی سوزوکی پک اپ کے ذریعے باقاعدہ سروے کرنے اور مرمت/تبدیل کرانے کے بہانے کرین کے ذریعے ٹرانسفارمر اتار کر غائب ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضے سے 4 عدد مسروقہ ٹرانسفارمرز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا پک اپ، کرین اور جعلی سروس کارڈز بھی برآمد کر لئے گئے ہیں