کراچی کے بلدیاتی ملازمین نے کورونا وباء اور پی آئی اے حادثہ کے نتیجے میں عید سادگی سے منائی

سندھ بینک کے عملے کی کوتاہی سے 13 ہزار ملازمین حبیب بینک میں OZT گرانٹ کا چیک ٹرانسفر نہ ہونے کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم رہ گئے

منگل 26 مئی 2020 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی ملازمین نے کورونا وبا اور پی آئی اے حادثہ کے نتیجے میں عید سادگی سے منائی اور سندھ بینک کے عملے کی کوتاہی کے باعث کے ایم سی کے 13 ہزار ملازمین حبیب بینک کے ایم سی کے اکائونٹ میں OZT گرانٹ ٹرانسفر نہ ہونے کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم رہ گئے جس سے ان ملازمین کی عید بھی سوگوار گزری۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین میں سندھ بینک کے عملے کے تعصبانہ عمل کے باعث شدید اشتعال پایا جاتا ہے جس کے باعث خدشہ ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد سندھ بینک کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ سید ذوالفقار شاہ نے عیدالفطر کی نماز کے موقع پر شہر بھر میں بہترین انتظامات کرنے پر ملازمین کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے چھ ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں عیدالفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی پر حکومت سندھ اور بلدیاتی سربراہان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔