سندھ بھر میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ،جیکب آباد میں 50 جبکہ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا

منگل 26 مئی 2020 22:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) سندھ بھر میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، منگل کو جیکب آباد میں 50 جبکہ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، عید کے ایام میں بھی حیسکو کی طرف سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی بندش سے پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے آخری عشرے سے گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جو اب بھی جاری ہے، منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، حیدرآباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی حیسکو کی طرف سے بھی گھنٹوں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ٹھنڈے مشروبات اور برف کے مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، بجلی کی بار بار بندش سے پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے اور شہری کین اور ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔