سنگا پور ،کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلانے پر ایک شخص کو 4 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا

جمعرات 28 مئی 2020 20:09

سنگاپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلانے پر ایک شخص کو 4 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سنگاپور کے مقامی ٹیکسی ڈرائیور نے فیس بک پر کورونا سے متعلق جھوٹی پوسٹ کی جس میں اس نے ریسٹورینٹس اور ہوٹلز بند ہونے کی غلط اطلاع دی اور لوگوں کو اکسایا کہ وہ حکومتی پابندیوں کی وجہ سے کھانا گھروں میں ذخیرہ کرلیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس شخص نے یہ اطلاع ایک فیس بک میسنجر گروپ پر بھی دی جس کے ممبران کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے ، اس نے 15 منٹ بعد پھر اس میسج کو ڈیلیٹ کردیا۔پولیس کو اس شخص کی جانب سے افواہ پھیلانے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر اسے دھر لیا گیا اور افواہ پھیلانے کے جرم میں کورونا سے متعلق نافذ سخت قوانین کے تحت اسی4 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق جھوٹی اطلاع دینے پر ملنے والی سزا دیگر افراد کو اس عمل سے روکنے میں مدد دے گی۔واضح رہے کہ سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں جن میں غلط اطلاع پھیلانے پر 7 ہزار ڈالر جرمانہ اور 3 سال قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔گزشتہ ماہ کورونا کے شبے میں قرنطینہ میں موجود شخص اپنے قرنطینہ کا دورانیہ ختم ہونے سے 30 منٹ پہلے پراٹھا خریدنے کے لیے گھر سے باہر نکلا جسے ایک ہزار ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔سنگاپور میں کورونا کے کیسز کی تعداد 33 ہزار سے زائد ہے جبکہ 23 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔