ایٹمی پروگرام نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا یوم تکبیر کے موقع پر پیغام

جمعرات 28 مئی 2020 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2020ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی اور اسی نے آگے چل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دِن ہے جس دِن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طورپر ابھرا۔ ڈپٹی چیئرمن نے کہا کہ خطہ میں طاقت کا توازن قائم ہو گیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھتے وقت دنیا کو یہ باور کرا دیا کہ وطن کے دفاع اور اسے بیرونی جارحیت سے محفوظ رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطہ میں امن پر یقین رکھتا ہے اور ترقی امن ہی کی بدولت حاصل ہو گی۔