ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ایبٹ آباد میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 28 کیسز سامنے نہیں آئے ہیں

یہ کیسز ڈیڑھ ماہ کے دوران سامنے آئے ہیں جن میں سے بیشتر ڈاکٹر و سٹاف ممبران صحت یاب ہو چکے ہیں، ایم ایس

جمعہ 29 مئی 2020 17:01

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد کے ایم ایس ڈاکٹر مشتاق خان تنولی نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 28 کیسز سامنے نہیں آئے ہیں، یہ کیسز گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران سامنے آئے ہیں جن میں سے بیشتر ڈاکٹر و سٹاف ممبران صحت یاب ہو چکے ہیں، ہسپتال کو بند کرنے کا تاثر غلط ہے، ہسپتال مکمل طور پر فنکشنل ہے، بعض عناصر امتحان کی اس گھڑی میں بھی کورونا کی آڑ میں اپنی سیاسی دکان چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور سٹاف مشکل حالات میں مریضوں کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں، سٹاف کی محنت اور لگن کی بدولت ہسپتال سے کورونا وائرس کے 22 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو گئے ہیں۔

وہ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مشتاق خان تنولی نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسز سمیت 28 سٹاف ممبران میں کورونا وائرس کی تصدیق ضرور ہوئی ہے لیکن یہ کیسز ایک دن میں سامنے نہیں آئے بلکہ ڈیڑھ ماہ کے دوران آئے ہیں جن میں سے بیشتر ڈاکٹر و سٹاف ممبران صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، ہم سٹاف کے ٹیسٹوں کی دوبارہ تصدیق کرانے کیلئے ان کے ٹیسٹ لیکر این آئی ایچ اسلام آباد بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے کورونا وائرس سے متاثر میڈیکل وارڈز اور سی سی یو کو ڈس فنکشنل کر کے کھول دیا گیا ہے، ہسپتال کے تمام سٹاف کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کو 100 فیصد یقینی بنایا گیا ہے، ہسپتال کو بند کرنے کا تاثر دینا اور قیاس آرائیاں پیدا کرنا غلط ہے، اس حوالہ سے صوبائی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا، ہسپتال اس وقت مکمل طور پر فنکشنل ہے۔