ٹڈی دل کے تدارک کیلئے فوری فضائی سپرے کیا جائے ،لاہور چیمبر

جمعہ 29 مئی 2020 17:34

ٹڈی دل کے تدارک کیلئے فوری فضائی سپرے کیا جائے ،لاہور چیمبر
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی سپرے سمیت کسانوں کو بھرپور معاونت فراہم کرے کیونکہ اس آفت کی وجہ سے زرعی شعبہ بہت بری طرح متاثر ہورہا ہے، زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان بھاری بھرکم نقصانات برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے سے پاکستان کے مختلف حصوں میں گندم، کپاس، سبزیاں اور دیگر کئی فصلیں وسیع پیمانے پر تباہ ہوئی ہیں جس کی وجہ سے فوڈ سکیورٹی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ فصلیں، خاص طور پر کپاس کی فصل پہلے ہی بارشوں کے سبب بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب ٹڈی دل اس کو مزید تباہ کر دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان بھائی اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی فصلیں تباہ ہوتے دیکھ کر بے حد پریشان ہیںاور دیسی طریقوں کیاستعمال سے اپنی مدد آپ کے تحت بڑی تعداد میں ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا سامنا زیادہ تر پسماندہ دیہی علاقوں کے کسانوں کو کرنا پڑرہا ہے جوکہ پہلے ہی مقروض ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کے نقصان کاازالہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے قرضے ادا اور خاندان کا پیٹ پال سکیں۔ انہوں نے ملک بھر میں ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے خصوصی پلان ترتیب دینے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔