پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 4 ہزار 234 پوائنٹس کا اضافہ

منگل 14 اکتوبر 2025 11:42

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 4 ہزار 234 پوائنٹس کا اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد منگل کو زبردست تیزی دیکھی گئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 4 ہزار 234 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 62 ہزار 678 پوائنٹس کی سطح پر بحال ہو گیا۔

گزشتہ کاروباری روز پیر کو مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث انڈیکس 4 ہزار 654 پوائنٹس گر کر 1 لاکھ 58 ہزار 443 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم آج سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا، خاص طور پر بینکنگ، انرجی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مثبت سرگرمیوں نے انڈیکس کو سنبھالا دیا۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی، روپے کے استحکام، اور اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل کی امید ہے۔

اس کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان نے انڈیکس کو سہارا دیا۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی و معاشی استحکام برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔