امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ تمام تعلقات ختم کر دیے

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارے پر کرونا وائرس وبا کے حوالے سے چین کیساتھ گٹھ جوڑ کرنے کا الزام، ادارے کو دی جانے والی فنڈنگ بھی بند کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 30 مئی 2020 00:16

امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ تمام تعلقات ختم کر دیے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2020ء) امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ تمام تعلقات ختم کر دیے، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارے پر کرونا وائرس وبا کے حوالے سے چین کیساتھ گٹھ جوڑ کرنے کا الزام، ادارے کو دی جانے والی فنڈنگ بھی بند کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کے روز کی گئی پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر سنگین الزامات عائد کیے۔ امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ عالمی ادارہ صحت نے چین کیساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ مہلک عالمی وبا کرونا وائرس کے حوالے سے امریکا اور باقی دنیا کو اصل حقائق سے بروقت آگاہ نہیں کیا گیا، اسی باعث دنیا اس وبا کا مقابلہ کرنے کی تیاری نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی نااہلی کے باعث ہی امریکا میں 1 لاکھ سے زائد جبکہ دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔ امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ اب سے عالمی ادارہ صحت کو فنڈ فراہم نہیں کیے جائیں گے۔ عالمی ادارہ صحت کو دی جانے والی فنڈنگ خود امریکا استعمال کرے گا۔ یہاں واضح رہے کہ امریکی صدر نے کچھ ہفتے قبل ہی عالمی ادارہ صحت کو دی جانے والے فنڈنگ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جبکہ اب انہوں نے عالمی ادارہ صحت کیساتھ اپنے تعلقات مزید کشیدہ کر لیے ہیں۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث اب عالمی سطح پر اب تک 60 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکا مہلک عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔