بلوچستان، کورونا سے جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کو شہدا کیٹگیری میں شامل کرنے کا فیصلہ

صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ جام کمال کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق امور کےحوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 30 مئی 2020 10:29

کوئٹہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) بلوچستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کو شہدا کیٹگیری میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ جام کمال کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق امور کےحوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا ہے جس کے مطابق کورونا سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کو شہدا پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں شیخ زید، فاطمہ جناح ہسپتالوں کے سیکیورٹی اہلکاروں اور طبی عملے کے لئے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق ڈیوٹی کی نوعیت کے مطابق عملے اور ڈاکٹروں کو مہینے میں ایک سے تین بنیادی تنخواہیں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ جام کمال کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے اضافی تنخواہوں کی ادائیگی یکم مارچ سے لاگو ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے اعلاوہ اجلاس میں صوبے بھر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ بلوچستان میں کیسز کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جائزہ لینے کے بعد سرکاری اسپتالوں میں اسمارٹ او پی ڈی کے آغاز کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے صوبے بھر کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ملیریا کنٹرول سپرے کی بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

بلوچستان میں کورونا کیسز کی بات کی جائے تو بلوچستان میں 4 ہزار 87 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان میں46اموات ہوئیں ہیں۔ اس کے علاوہ اگر پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو وہ ایک تشویش ناک صورتحال ظاہر کرتے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 78 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جبکہ مزید 2429 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 1395 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 66 ہزار 457 ہو گئی ہے۔