چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

بھارت نے جان بوجھ کر لداخ میں کنسٹریکشن کا آغاز کیا جس پر چین کو شدید تحفظات ہیں،بھارت یا کسی اور کو پسند ہو نہ ہو، سی پیک محفوظ اور گیم چینجر ہے، مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں نچلے طبقے کو ریلیف دیں گے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 31 مئی 2020 18:55

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تحقیقاتی رپورٹیں دبانے کا رواج ہے تاہم موجودہ حکومت نے روایت بدل دی، چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی،بھارت نے جان بوجھ کر لداخ میں کنسٹریکشن کا آغاز کیا جس پر چین کو شدید تحفظات ہیں،بھارت یا کسی اور کو پسند ہو نہ ہو، سی پیک محفوظ اور گیم چینجر ہے، مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں نچلے طبقے کو ریلیف دیں گے۔

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت نے جان بوجھ کر لداخ میں کنسٹریکشن کا آغاز کیا جس پر چین کو شدید تحفظات ہیں،بھارت نے چالاکی سے لداخ میں کام کرنے کی کوشش کی لیکن پکڑا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت یا کسی اور کو پسند ہو نہ ہو، سی پیک محفوظ اور گیم چینجر ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جن کی وجہ سے عوام کو مہنگی چینی ملی، انھیں حساب دینا ہوگا،شوگر کمیشن رپورٹ معاملے پر انصاف ہوگا، اس میں جو لوگ بھی ملوث ہیں ان کیخلاف ایف آئی اے حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت جس نے کمیشن کی رپورٹ کو دبایا نہیں بلکہ پبلک کیا۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی مالی مشکلات سب کے سامنے ہے ایکسپورٹ گری ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کو کم اور بجلی بلوں میں ریلیف دیا گیا، مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں نچلے طبقے کو ریلیف دیں گے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں تاہم جب تک صوبائی حکومتیں تعاون نہیں کریں گی پاکستانیوں کو لانا ممکن نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ بہت سارے پاکستانیوں کے ویزے ختم ہو چکے ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں، صوبائی حکومتوں کا تعاون درکار ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی آئین میں تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں جبکہ دوسری جانب بھارت میں مسلمان، سکھ، عیسائی اور دلت ہندوتوا پالیسی سے تنگ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں کروڑوں لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، بھارت اپنے آئین کی پاسداری بھی نہیں کر رہا، بھارتی میڈیا نے بھی مسلم اقلیتی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں سے زیادتی کے باوجود پاکستان میں ہندوؤں کو اقلیتی کمیشن کا سربراہ بنایا،پاکستان نے کرتارپور راہداری سمیت تمام اقلیتی مذہبی مقامات کو تحفظ دیاکاش کہ بھارتی مسلمان بھی اپنے مذہبی مقامات کے تحفظ پر مطمئن ہوتے،تاریخی بابری مسجد کی شہادت پر بھارتی سپریم کورٹ خاموش تماشائی بنی رہی