ٌگرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے،عبدالجبار خان

اتوار 31 مئی 2020 21:20

sحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ موجودہ وفاقی حکومت جوکہ مسلم لیگ کی سابقہ حکومت کو بجلی کی لوڈشیڈنگ پر تنقید کا نشانہ بناتی تھی آج اس کے دور میں سب سے زیادہ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سندھ کے عوام سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب جبکہ کاروباری سرگرمیاں اور صنعتوں میں پیداواری عمل بہت کم رہ گیا ہے اس کے باوجود دن میں 6سے 8 گھنٹے کی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی عوام گرمی کی وجہ سے پریشان ہیں اوپر سے بجلی کی طویل دورانیہ کی بندش نے اُن کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

شہری اور دیہی علاقوں میں خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کئی کئی دن تک صحیح نہیں کئے جاتے ۔

عوام دفاتر کے چکر لگالگاکر پریشان ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے کیونکہ عوام حکومت کو ٹیکس دیتی ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ اُن کے مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے صنعتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ لہٰذا فوری طورپر اس طرف توجہ دی جائے۔