صوبائی وزیر صنعت سے صنعت کاروں، مینو فیکچررز و فارمیسیز کے نمائندوں کی ملاقات

احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے،میاں اسلم اقبال

پیر 1 جون 2020 20:28

صوبائی وزیر صنعت سے صنعت کاروں، مینو فیکچررز و فارمیسیز کے نمائندوں ..
لاہور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں صنعت کاروں، مینو فیکچرز، اور فارمیسیز کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ جس میں مقامی سطح پر حفاظتی ماسک کی تیاری کی گنجائش، قیمتوں، خام مال کی دستیابی، مشینری کی درآمد اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت اشعر زیدی اور محکمہ صنعت و تجارت کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے، عوام احتیاطی تدابیر اپنا کر خود کو، اپنے بچوں، اپنے گھر والوں، اور دوست احباب کو کورونا سے بچائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دینے پر غور کر رہی ہے، ایسی صورت میں ماسک کی مناسب نرخوں میں ہرجگہ دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مینو فیکچرز مقامی سطح پر ماسک تیار کر رہے ہیں، حکومت مقامی سطح پر ماسک کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ماسک اور فیبرک بنانے کیلئے مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانااور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے میں سہولت دینا نیکی کا کام ہے،مینو فیکچرز زیادہ سے زیادہ ماسک تیار کرکے مناسب نرخوں پر فراہی یقینی بنائیں، یہ وقت جہاں کاروبار کا موقع فراہم کرتا ہے وہاں انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بھی ہے، مینو فیکچرز کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ اس موقع پر مینو فیکچررز نے ماسک کی تیاری کے حوالے سے اپنی اپنی استعداد سے آگاہ کیا۔

وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت ماسک کی تیاری کیلئے خام مال کی دستیابی اور ڈیوٹی فری مشینری منگوانے کی اجازت دے، ہنگامی بنیادوں پر بھی ماسک تیار کر سکتے ہیں۔ صداقت لمیٹڈ فیصل آباد کے شیراز خان نیازی، ٹیو پاک کے میجر وارث، چیلنج اپیرل کیولید چیمہ، مقصود ٹیکسٹائل کے ظفر اقبال کھو کھراور دیگر مینو فیکچرز ملاقات کر نے والوں میں شامل تھے۔