وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،آئندہ مالی سال کے بجٹ و سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ، حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت

موجودہ حالات کے تناظر میں بجٹ وسالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کا تعین کیا جائیگا،عثمان بزدار

پیر 1 جون 2020 21:25

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،آئندہ مالی سال کے بجٹ و سالانہ ترقیاتی ..
لاہور۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال 21۔2020کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کا تعین کیا جائیگا،کورونا وباء کے باعث شعبہ صحت کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے، تعلیم، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دینگے، پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ میں عام آدمی کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور بجٹ میں اعداد وشمار کی جادوگری کی بجائے حقیقی صورتحال رکھی جائے، صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے منفرد انداز میں نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کورونا وباء کے باعث محکموں کو غیرضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس ہونا چاہیے، پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء کا جائزہ لیا گیااور آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ جبکہ سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-