شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت (کل) ہو گی

منگل 2 جون 2020 18:12

شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صد ر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے دائر درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ کل ( بدھ) کے روز سماعت کرے گا ۔

محمد شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 1972میں بطور تاجر کاروبار کا آغاز کیا اور زراعت ، شوگر اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اہم کردار ادا کیا، عوام کی بھلائی کیلئے 1988ء میں سیاست میں قدم رکھا،نیب نے بد نیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ،موجودہ حکومت کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے نیب نے انکوائری شروع کی ہے، جبکہ انکوائری میں نیب کی جانب سے لگائے گئے الزامات عمومی نوعیت کے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے مزید موقف اپنایا کہ 2018ء میں اسی کیس میں گرفتار کیا گیا اورنیب کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ،نیب اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک بھی ثبوت سامنے نہیں لا سکا، ۔ شہباز شریف نے موقف اپنایا کہ تسلسل کے ساتھ تمام اثاثے ڈکلیئر کرتا آ رہا ہوں، منی لانڈرنگ کے الزامات بھی بالکل بے بنیاد ہیں، نیب انکوائری کے دوران اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے اختیارات استعمال نہیں کر سکتا، نیب انکوائری دستاویزی نوعیت کی ہے اور تمام دستاویزات پہلے سے ہی نیب کے پاس موجود ہیں۔

استدعا ہے کہ نیب کے پاس زیر التواانکوائری میں گرفتار کئے جانے کا خدشہ ہے اس لئے عبوری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔گزشتہ روز تکنیکی وجوہات کی بنا پر درخواست سماعت کے لئے مقرر نہ کی جاسکے تاہم دو رکنی بنچ آج کے روز سماعت کرے گا۔