شہباز دور میں پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیرروکنے کے باعث اسمبلی اجلاس ہوٹل میں ہورہا ہے ،میاں کامران سیف

منگل 2 جون 2020 23:54

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کورونا وائرس کے باعث اراکین اسمبلی کوتعداد اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو فلیٹیز ہوٹل میں منعقد کرنے کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس خطرناک ہے، پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ میں تمام اراکین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اجلاس میں شمولیت ناممکن ہونے اور اس خطرناک وائرس سے سے اراکین اسمبلی کو محفوظ رکھنے کیلئے پرائیویٹ ہوٹل میں انعقاد ناگزیر ہوگیا تھا شہباز حکومت کے دور میں چوہدری پرویز الہٰی کے منصوبہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر روکنے کے باعث اجلاس پرائیویٹ ہوٹل کے ہال میں منعقد ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی دور کا پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کا منصوبہ اراکین اسمبلی کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بروقت مکمل ہونا چاہیے تھا لیکن سیاسی مخالفت کے باعث کارڈیالوجی ہسپتال وزیرآباد سمیت دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی التواء کا شکار رہا ۔