پولیس نے چاند رات پر جوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا

بدھ 3 جون 2020 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے چاند رات پر جوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان مقتول کے قریبی دوست ہیں جنہوں نے ذاتی عناد اور رنجش کی وجہ سے چاند رات پر مقتول ارشاد علی کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، ملزمان نے واردات کے بعد لاش اراضیات میں پھینک دی تھی،چاروں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے الہ قتل ایک عدد پستول، موبائل اور موٹر سائیکل بھی برامد کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے تفصیلات کے مطابق مدعی سجاد ولد فضل علی سکنہ سربند نے تھانہ سربند پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بھائی ارشاد علی عرف پپو کو کسی نامعلوم ملزمان نے رات کی تاریکی میں قتل کرنے کے بعد اس کی لاش اراضیات میں پھینک دی ہے جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ایس پی صدر ڈویڑن عبدالسلام خالد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزم / ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پرمختلف زاویوں سے تفتیش شروع کرتے ہوئے دیگر مشکوک افراد کے ساتھ ساتھ مقتول کے قریبی دوستوں کو بھی شامل تفتیش کیا جس کے دوران واردات میں ملوث ملزمان مختیار ولد حیات سکنہ سنگو،نجیب ولد زیارت گل، خالق حسین عرف شانے ولد حضرت حسین ساکنان بٹہ تل اور محمد امجد ولد محمد اسلام زادہ سکنہ شیخ میرو کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا، تمام ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران ذاتی رنجش کی بنیاد پر مقتول ارشاد علی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برامد کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔