بھارت چین کشیدگی ختم کرنے کی کوششیں تیز،دونوں ممالک کے سینیئر فوجی کمانڈروں کے درمیان 6 جون کو مذاکرات ہوں گے

بدھ 3 جون 2020 23:55

بھارت چین کشیدگی ختم کرنے کی کوششیں تیز،دونوں ممالک کے سینیئر فوجی ..
دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) بھارت اور چین کے درمیان سکّم اور لداخ سرحدی تنازعہ حل کرنے کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کے سینیئر فوجی کمانڈروں کے درمیان 6 جون کو مذاکرات ہوں گے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارتی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی اور پہلی مرتبہ تسلیم کیا کہ بھارت اورچین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن پر صورت حال تشویش ناک ہے، بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا بھارت نے بھی اپنی طرف سے جوکچھ کرنا چاہیے وہ کیا ہے، مشرقی لداخ کے حساس علاقوں کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں سوال کے جواب میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ موجودہ تنازعے کو بھی اسی طرح حل کرلیا جائے گا جیسے کہ ڈوکلام تنازعے کو حل کیاگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا ڈوکلام تنازعہ کا حل سفارتی اور فوجی بات چیت کے ذریعہ ہواتھا، موجودہ مسئلے کے حل کے لیے فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق 6 جون کو حقیقی کنٹرول لائن کے چھوشول مولڈو کے مقام پر دونوں ملکوں کی آرمی کے لفٹننٹ جرنیلوں کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ بھارتی وفد کی قیادت لیہہ سے سرگرم انڈین آرمی کی چودہویں کور کے کور کمانڈر کریں گے۔