پاکستان پیپلزپارٹی نے اسٹیل مل کے ملازمین کو برطرف کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا

اسٹیل مل کے 9000 ملازمین کی برطرفی کسی صورت قبول نہیں، نو ہزار ملازمین کو برطرف کرنے سے واضح ہوگیا کہ تحریک انصاف کی حکومت مزدور دشمن حکومت ہے، نفیسہ شاہ

جمعرات 4 جون 2020 00:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے اسٹیل مل کے ملازمین کو برطرف کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔ ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ اسٹیل مل کے 9000 ملازمین کی برطرفی کسی صورت قبول نہیں، نو ہزار ملازمین کو برطرف کرنے سے واضح ہوگیا کہ تحریک انصاف کی حکومت مزدور دشمن حکومت ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ روزگار دینے کے وعدے کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت اب لوگوں سے روزگار چھیننے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوںنے کہاکہ معیشت کا راگ الاپنے والی نااہل حکومت نے لاک ڈاون ختم ہوتے ہی مزدوروں کو برطرف کرنے کا فیصلہ سنا دیا، تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل صنعتوں کی بحالی اور پی آئی سمیت اسٹیل مل ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے بڑے بڑے دعوے کئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ کیا وجہ ہے کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آنے کے بعد اب مزدور کش فیصلے کر کے مزدوروں کو دیوار سے لگا رہی ہینپیپلزپارٹی کسی صورت اسٹیل مل ملازمین کے گھروں کو چولہے ٹھنڈی ہونے کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا تمام ملبہ محنت کش طبقے پر ڈالنے کی سازش بند کرے، ای سی سی اسٹیل مل سے متعلق منصوبندی کے بنا ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیسے کر سکتی ہی ۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ اسٹیل مل سے متعلق خفیہ معاہدوں کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں، اسٹیل مل سے متعلق معاہدہ اور ملازمین کی برطرفی کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کی جائیں۔