حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، عمران قریشی

عوام اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس موذی وائرس سے بچاؤ کیلئے عملی اقدامات کریں ۔ عوامی اجتماعات پر جانے سے گریز کیا جائے

جمعرات 4 جون 2020 00:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) تحریک انصاف حیدرآباد کے ضلعی صدر عمران قریشی نے کہا کہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے عوام اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس موذی وائرس سے بچاؤ کیلئے عملی اقدامات کریں ۔ عوامی اجتماعات پر جانے سے گریز کیا جائے اور منہ پر ماسک لگانے کے علاوہ ہاتھوں پر سینٹائزر کا استعمال کیا جائے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس اب بلاتفریق لوگوں کو نقصان پہنچارہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر بھی اسی موذی وائرس کا شکار ہوکر شہید ہوئے ہیں، اسی طرح وفاقی اور صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی ، اسپیکر اسمبلی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تیزی سے اس کی زد میں آرہے ہیں، اس لئے اب چونکہ لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کردی گئی ہے جس کے پیش نظر عوام اپنی احتیاطی تدبیر اختیار کریں تاکہ اس کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو بھی روکا جاسکے اور شہری خود بھی محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب کاروباری سرگرمیاں تقریباً مکمل طورپر کھل گئی ہیں اس لئے بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹر میں رش بھی بڑھ گیا ہے جس میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام جس قدر ہوسکے احتیاطی تدابیر اختیار کرے ورنہ پھر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مجبوراً سخت لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا جس سے معاشی اور اقتصادی نقصانات پیدا ہوں گے۔