سعودیہ سے کراچی آنے والی پرواز کے آدھے مسافرکورونا کا شکار نکلے

سندھ حکومت کے سرکاری ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ 246 پاکستانیوں میں سے 123 میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جو گھروں کو جا چکے ہیں، اب انہیں تلاش کر کے قرنطینہ میں رکھا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جون 2020 14:55

سعودیہ سے کراچی آنے والی پرواز کے آدھے مسافرکورونا کا شکار نکلے
کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جون 2020ء) سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ سعودی عرب سے کراچی ایئر پورٹ اُترنے والی پرواز میں سوارمسافروں کی آدھی گنتی کورونا سے متاثر نکلی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز کے آدھے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس پرواز میں 246 مسافر سوار تھے جن میں سے 123 پاکستانی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا ”وفاقی حکومت پروازیں کھولنا چاہتی ہے،اور ان مسافروں کو بغیر کسی ٹیسٹ کے ہی گھر جانے دینا چاہتی تھی۔ تاہم سندھ حکومت کی جانب سے ایئرپورٹ پر ان مسافروں کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے ، جن میں سے 123 افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے، جنہیں اب تلاش کرنے کے بعد انہیں آئسولیٹ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کردئیے ہیں جس کے مطابق بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے ہوم قرنطینہ شق برقرار ہے جبکہ مسافروں کاکوروناٹیسٹ منفی ہو ان کیلئے سرکاری یاہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ملکی ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن کی بحالی کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کردئیے، جو 10 جون تک نافذ العمل رہیں گے۔

قوائدوضوابط کے تحت بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کیلئے ہوم قرنطینہ شق برقرار ہے جبکہ مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو، ان کیلئے سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14روز قرنطینہ رہ سکیں گے۔سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ مثبت،علامات زیادہ ہوں توسرکاری یاہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا ، ٹیسٹ مثبت مگرحالت خراب نہیں توہوم قرنطینہ کی اجازت دی جاسکتی ہے جبکہ مثبت ٹیسٹ پر مسافر کو کسی دوسریصوبے جانے کی اجازت نہیں۔

سی اے اے ڈائریکٹرایئرٹرانسپورٹ نے قواعد و ضوابط کانوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق کمرشل اور نجی پرائیویٹ طیاروں کی پروازوں پر لاگو ہوگا جبکہ جہاز کواڑان بھرنے سیپہلیجراثیم سیپاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔سی اے اے کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا جہاز میں پی پی ای کا ضروری ذخیرہ لازمی رہے گا اور مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

نوٹیفکیشن میں مسافروں،جہاز کے عملے کو ذاتی حفاظت،سماجی فاصلہ یقینی بنانیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دوران پرواز مسافروں کاسٹنگ پلان تصاویر کی صورت سی اے اے کوبھجوایا جائے گا اور لینڈنگ کے بعدمسافروں کاسامان جراثیم سیپاک کرکیدیا جائے گا۔پرواز کے مسافروں کیلئے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھی جمع کرانا لازمی ہوگا اور ایئرپورٹس کے انٹرنیشنل،ڈومیسٹک لانجز میں تھرمل اسکینرزسے اسکینگ بھی لازمی ہے جبکہ بیرون سے آنے والی پروازوں کے کیبن کریو کے کورونا ٹیسٹ ترجیح ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کارگو میں ڈیڈ باڈیز لانے والے عملے کے ٹیسٹ بھی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے