ریڈیو انڈسٹری کو بچانے کے لیے پالیسیاں تبدیل کی جائیں. پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن

انڈسٹری کو ”انتہائی نامعقول“اورسخت‘ پالیسیوں سے تباہ کرنے کی کوششوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں . پی بی اے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جون 2020 16:24

ریڈیو انڈسٹری کو بچانے کے لیے پالیسیاں تبدیل کی جائیں. پاکستان براڈکاسٹرز ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جون۔2020ء) پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ریڈیو انڈسٹری کے حوالے سے پیمرا کی پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے. پی بی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیمرا کی جانب سے ریڈیو انڈسٹری کو ”انتہائی نامعقول“اورسخت‘ پالیسیوں سے تباہ کرنے کی کوششوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پیمرا سالانہ ریڈیو تجدیدی فیس جمع کر رہا ہے جو متعدد بار ادا کی جاتی ہے’یہ فیس ایسے وقت میں جمع کی جا رہی ہے جب میڈیا انڈسٹری اور خاص طور پر ریڈیو انڈسٹری مالی بحران کے مشکل دور سے گزر رہی ہے.

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی بی اے نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور معاونِ خصوصی برائے اطلاعات جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس بحرانی وقت میں پیمرا کی جانب سے ریڈیو انڈسٹری کے خلاف ایسے اقدامات کو روکا جائے. پاکستان براڈکاسٹرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیمرا ریڈیو انڈسٹری کو مضبوط کرنے کے بجائے بدترین معاشی بحران پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے‘انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیمرا اپنے اسی ایجنڈے پر عمل پیرا رہا تو ملک میں موجود سینکڑوں ریڈیو سٹیشن بند ہو جائیں گے اور وہاں کام کرنے والے ہزاروں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے.

انہوں نے کہاکہ ریڈیو پہلے ہی انتہائی معاشی دور سے گزر رہا اوپر سے کرونا وائرس نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جہاں دیگر ممالک بشمول ہمارے پڑوسی ملک اس مشکل دور میں ریڈیو انڈسٹری کی مدد کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں وہیں پیمرا تجدیدی فیس کا مطالبہ کر رہا ہے.