لندن میڈیکل چیک اپ کے لئے جا رہا ہوں، انشااللہ صحت یابی کے بعد واپس آجاؤں گا، جہانگیر ترین

پریشان ہونے کی بات نہیں ہے، لندن سے 2014 میں میرا علاج مکمل ہو گیا تھا جس کے بعد مجھے ہر 2 سال بعد اپنے ڈاکٹروں کے پاس طبی معائنے کے لئے جانا پڑتا ہے، رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین کا ٹویٹر پیغام

Khurram Aniq خُرم انیق جمعہ 5 جون 2020 15:53

لندن میڈیکل چیک اپ کے لئے جا رہا ہوں، انشااللہ صحت یابی کے بعد واپس ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-05جون2020ء) جہانگیر ترین کا اپنے بیٹے کے ہمراہ لندن جانے کا معاملہ، رہنما تحریک انصاف نے بیان جاری کر دیا ہے۔ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں لندن میڈیکل چیک اپ کے لئے جا رہا ہوں، انشااللہ صحت یابی کے بعد واپس آجاؤں گا۔ پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پریشان ہونے کی بات نہیں ہے، لندن سے 2014 میں میرا علاج مکمل ہو گیا تھا جس کے بعد مجھے ہر 2 سال بعد اپنے ڈاکٹروں کے پاس طبی معائنے کے لئے جانا پڑتا ہے۔

اس سے قبل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں ذکر کیا جا رہا تھا کہ شاید جہانگیرترین شوگر اسکینڈل سے بچنے کے لئے اپنے بیٹے علی ترین کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئے ہیں، لیکن میڈیا کی خبروں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے اپنی لندن روانگی کا مقصد بیان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین روس سے آنے والے خصوصی طیارے میں لندن روانہ ہوئے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین اور علی ترین کا انٹرنیشنل روانگی لاونج میں کورونا میڈیکل چیک اپ کیا گیا جس کے بعد دونوں روس سے آنے والے خصوصی طیارے میں لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کے ہیلتھ کاؤنٹر پر موجود میڈیکل ٹیم نے ان کے پہنچنے کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جو کلیئر ہونے کی صورت میں انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

علی ترین کے بارے میں بتایا ہے کہ روانگی کی اطلاع ملنے کے بعد وہ آج صبح لاہور سے ایک خصوصی پرواز میں اسلام آباد گئے تھے جہاں سے وہ اپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ ان خبروں کے بعد پیش کئے جانے والے تاثر کے جواب میں اب رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے بھی جانے کا مقصد بیان کر دیا ہے جس میں انہوں نے لندن روانگی کا مقصد میڈیکل چیک اپ بتایا ہے۔