نیب کا یکطرفہ احتساب ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ،عدلیہ از خود نوٹس لے، پیر محفوظ مشہدی

ً احتساب کے نام پر انتقام کا ادارہ اپنی اہمیت کھو چکا ہے ، چینی سکینڈل کے ملزموں کو بھی طلب کیا جائے

جمعہ 5 جون 2020 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سر مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ نیب کا یکطرفہ احتساب ڈرامہ بری طرح بے نقاب ہو چکا اور احتساب کے نام پر انتقام کا ادارہ اپنی اہمیت کھو چکا ہے۔یہ صرف سیاسی مقاصد کے لیے اپوزیشن کو دبانے کا ہتھیار ہے ۔

عدلیہ کو از خود نوٹس لینا چاہیے۔ اگر نیب غیر جانبدار ہے تو صرف اپوزیشن ہی اس کے انتقام کا شکار کیوں ہی حکومت کو رونا وائرس اورٹڈی دل کے خاتمے کی بجائے حزب اختلاف کے رہنمائوں کی تضحیک کے ایجنڈے پر عملدرآمد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آمریتوں نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کو دبایا اوراب میڈیا ٹرائل کے ذریعے بدنام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مگرعوامی اقتدار آنے پر ان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوتا۔

سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان،ایوب خان ، ضیاالحق ، اورجنرل پرویز مشرف کے سیاسی کلچر ختم کرنے کی پالیسیوں سے باز آجائیں۔مشکل وقت گذر جاتا ہے، صالح اور بدکردار کے لوگ ا پنی اپنی حیثیت سے یاد رکھے جاتے ہیں۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر لائحہ عمل تیار کریں ۔چیرمین نیب کی غیر جانبدارانہ حیثیت پر سوالیہ نشان ہے۔ چینی سکینڈل کے ملزموں کو ایک بار بھی نیب نے طلب نہیں کیا ، پشاور میں بی آر ٹی کیس اورسوات میں مالم جبہ کے کیسوں کے ملزموں کو گرفتار کیا گیا اورنہ طلب کیا گیا۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار کیا گیا۔