کیا وزیر اعلیٰ سندھ اتنے کمزور اور بے بس ہیں جو مستحقین کا ڈیٹا نہیں نکلوا سکتے ‘ ہمایوں اختر خان

اتوار 7 جون 2020 13:25

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سندھ کی این سی سی اور این سی او سی میں اعلیٰ سطح کی نمائندگی ہے لیکن اس کے باوجود وفاق پر مستحقین کا ڈیٹا نہ دینے کا الزام انتہائی مضحکہ خیز ہے، کیا وزیر اعلیٰ سندھ اتنے کمزور اور بے بس ہیں کہ وہ ڈیٹا نہیں نکلوا سکتے کیا وزیرا علیٰ سندھ نے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا ہی کورونا وائرس کی وباء حکومت ،اپوزیشن ، امیر اور غریب کی تفریق کے بغیر سب کو متاثر کر رہی ہے اگر ہم نے اتفاق اور اتحاد پیدا نہ کیا تو اس کے انتہائی خطرناک نتائج ہوں گے ۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سند ھ حکومت کے نمائندے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہونے والے تمام اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں لیکن جب شام کو ٹی وی پر بیٹھتے ہیں یا ان کی قیادت قرنطینہ سے باہر آتی ہے تو وفاق پر الزام تراشیاں شروع کر دیتے ہیں، آپ کے جو تحفظات ہیں آپ ان اجلاسوںمیں اس کا تذکرہ کیوں نہیں کرتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے تحت 60 فیصد سے زائد وسائل صوبوں کے پاس ہیں ، سندھ حکومت اپنے اقدامات سے آگاہ کر ے اس نے اب تک کیا کیا ہے ، صرف وفاق پر الزام لگا کر کوئی بھی صوبہ بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کئی روز کے بعد قرنطینہ سے باہر آئے ہیں اور آتے ہی کوئی تجویز دینے کی بجائے وفاقی حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے جس کا مقصد صرف اور صرف اپنی سیاست چمکانا ہے ۔قوم سوال کر رہی ہے وفاق سندھ میں کوروناوائرس کی روک تھام کے لئے کوششوں سے کس طرح سبوتاژ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانیں بچانا ترجیح ہے اور اس کے ساتھ معیشت کا پہیہ بھی چلانا ہے اور پوری دنیا اسی فارمولے پر عمل پیرا ہے ۔