کراچی عمارت حادثہ،جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

عمارت کے ملبے سے رات سے اب تک مزید 4 افراد لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اور اب تک مجموعی طور پر 22 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں،ریسکیو حکام

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 10 جون 2020 10:32

کراچی عمارت حادثہ،جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-10جون2020ء) کراچی عمارت حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں کچھ دن قبل زمین بوس ہونے والی عمارت پر ابھی تک ریسکیو آپریشن جاری ہے جس کے بعد لوگوں کی لاشیں نکالنے کے علاوہ ملبہ اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ عمارت کے ملبے سے رات سے اب تک مزید 4 افراد لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اور اب تک مجموعی طور پر 22 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور دیگر فلاحی ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت ملبے کے نیچے کسی شخص کی لاش موجود نہیں ہے، تا ہم پھر بھی ایک مرتبہ چیکنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حادثے میں جاں بحق تین بھائیوں اور ایک بچی سمیت 6 افراد کی نماز جنازہ لیاری کھڈہ مارکیٹ کی مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ چند دن قبل رات کراچی کے علاقے لیاری میں 5 منزلہ عمارت گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ عمارت گرنے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، پاک فوج، سندھ رینجرز، ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں تھیں جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں 5 مارچ 2020کو گولیمار میں 3 عمارتیں منہدم ہوئیں۔گولیمار حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوگئے تھے۔16مارچ کو کوثر نیازی میں عمارت جھک گئی تھی۔ لیکن اس عمارت کو فوری خالی کروا لیا گیا تھا۔ لیکن اس عمارت کے گرنے کے واقعے میں ابھی تک 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ابھی تک ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔