ایم ایس جنرل ہسپتال کورونا وائرس سے مکمل صحت یاب ، دوبارہ چارج سنبھال لیا

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو صحت یابی پر گلدستہ بھجوایا

پیر 15 جون 2020 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2020ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین کورونا وائرس کو شکست دے کرمکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں اور انہوں نے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ بھجوایااورنیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ انتہائی تشویشناک ہے جس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا واحد علاج صرف احتیاط ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس وبا سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں اور سماجی فاصلہ ،منہ اور ناک کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ جس قدر ممکن ہو اس وبا کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کے علاج معالجے اور دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تمام وسائل برؤئے کار لائے جائیں ۔ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے دوبارہ منصب سنبھالنے پر اللہ تعالیٰ کا اور طب سے وابستہ افراد کی طرف سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ایم ایس جنرل ہسپتال نے پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر کی بھی جلد صحت یابی کی دعا کی اور اُن کے لئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔