ایران کی سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی سے امریکی اور اسرائیلی مفادات کو خطرہ ہے : پیر محفوظ مشہدی

ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کا مطالبہ مضحکہ خیز،اسلامی تعاون تنظیم اور سعودی عرب ایران کا ساتھ دے

پیر 22 جون 2020 22:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نی سے ایران کی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کے مطالبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اور سعودی عرب ایران کا ساتھ دے۔ ایرانی ذہین اور جرات مند قوم اور ہمارے مسلمان بھائی ہیں۔

جنہوں نے ایٹمی قوت حاصل کرلی ہے تو یہ عالم اسلام کا فخر ہے کہ پاکستان کے بعد ایران بھی ایٹمی قوت بن کر عالم اسلام کی طاقت بنے گا۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سعودی عرب ایرانی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کے امریکی مطالبے کی کر رہا ہے۔ دراصل ایٹمی توانائی ایجنسی امریکی ہاتھوں میں کھلونا بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کو چاہیے کہ وہ امریکہ کی بجائے، ایران کا ساتھ دے۔ان کا کہنا تھاکہ ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ ترقی کی ہے ،ڈرون طیارے ، ملٹری سیٹلائیٹ ،ایٹمی تنصیبات سے امریکی اور اسرائیلی مفادات کو خطرہ ہے ،اس لیے انہیں پریشانی رہتی ہے۔پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ ایران نے پانچ عالمی قوتوں کے ساتھ ایٹمی معاہد ہ کرکے اپنا پرامن ایٹمی پروگرام محدود کرلیا۔

جس سے امریکی صدر ٹرمپ یکطرفہ طور پردستبردار ہوگیا، جس کے بعد ایران کسی بھی معاہدے کا پابند نہیں ہے۔ مگر باقی چار قوتیں اب تک اس معاہد ہ پر برقرار ہیں۔ جے یو پی کے رہنما نے کہا کہ 2012 ء کے بعد ایٹمی ایجنسی اگر معائنے کا مطالبہ کر رہی ہے تو اس کا کوئی جواز نہیں بنتا ،سوائے اس کے کہ ایران پر امریکی دباؤ بڑھانا چاہتی ہے، ہمیں امید ہے کہ ایران پہلے بھی اور اب بھی اس دباؤ کو مسترد کرے گا