محکمہ زراعت کی ٹیم کا چھاپہ۔ لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات برآمد

پیر 29 جون 2020 23:04

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2020ء) محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیم کی جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ملتان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین کی سربراہی میںٹیم نے الہادی کارگو سروسز ریلوے روڈ پر چھاپہ مارا اور بھاری مالیت کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی لیبلزوالی زرعی ادویات قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کردیں۔

چھاپہ مار ٹیم کے مطابق پکڑی جانیوالی جعلی زرعی ادویات ودیگر میٹریل کی مالیت تقریباً سات لاکھ روپے بنتی ہے۔ ملزمان مختلف کمپنیوں کے نام سے جعلی زرعی ادویات غیر قانونی طریقے سے پیکنگ وغیرہ کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی سے زرعی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے۔ ملزمان معشوق علی ولد غلام رسول چیف ایگزیکٹو غیر رجسٹرڈ کمپنی سپر کراپس سائنسز،رانا محمد سجاد ولد محمد باقر(ایم ڈی)،اویس باقر،امین باقر ودیگر نامعلوم کے خلاف تھانہ جلیل آبادمیں شاہد حسین کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبری 241/20 مورخہ 29-06-2020 ندرج کرادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے تھانہ جلیل آباد کی پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ موقع سے جعلی زرعی ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔