پاکستانی اورچینی وزرائے خارجہ کا رابطہ،عالمی فورمز پرباہمی تعاون کے فروغ پراتفاق

بھارت داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،شاہ محمود قریشی @ پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2، بی آر آئی منصوبے کا انتہائی اہم حصہ ہے، اس پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے،چینی سفیر

جمعہ 3 جولائی 2020 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2020ء) پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے ایک اہم ٹیلی فونک گفتگو میں بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر اہم تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا کہ بھارت داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے اور ہر مشکل گھڑی میں چین کی معاونت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وانگ یی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2، بی آر آئی منصوبے کا انتہائی اہم حصہ ہے۔ اس پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا