شہید کانسٹیبل نعمان کی نماز جنازہ ادا کی گئی

جمعہ 3 جولائی 2020 23:52

کراچی۔ 3 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) تھانہ بلوچ کالونی کی حدود میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے کانسٹیبل نعمان کی نماز جنازہ ایس ایس یو ہیڈکوارٹر حسن اسکوائرمیں ادا کی گئی۔ اس موقع پرپولیس کے خصوصی دستے نے شہیدکو سلام پیش کیااورپھولوں کی چادرچڑھائی۔ شہیدکانسٹیبل کی عمر 26سال اور اس کی تعیناتی مددگار 15 ساؤتھ بیس پر تھی جو ڈیوٹی سے واپس گھر جاتے ہوئے تھانہ بلوچ کالونی کی حدود میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوا۔

نمازجنازہ میں آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے علاوہ ڈی آئی جی آپریشن،ڈی آئی جی ایسٹ،ایس ایس پی ساؤتھ،ایس ایس پی ایس ایس یو آپریشن، ایس ایس پی 15،ایس پی گلشن،ایس پی ملیر کے علاوہ رینجرز کے سینئرافسران شہید کے ورثاء اوراہلیان علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے شہید کانسٹیبل کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے محکمہ پولیس کے لئے شہید کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے اس موقع پر شہید کے ورثاء کے لئے محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے مروجہ مراعات دینے کا اعلان کیا اور متعلقہ پولیس افسران کوہدایات دیں کہ اس حوالے سے تمام تر ضروری قانونی دستاویزی امور کوجلدسے جلدمکمل کیا جائے ۔