اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو پولیس افسران کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت، پمز اسپتال کے سی ایم او آئندہ سماعت پر طلب

پیر 6 جولائی 2020 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوجوان کو تشدد کر کے جان سے مارنے پر دو پولیس افسران کی سزا کے خلاف اپیل پر پمز اسپتال کے سی ایم او کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئیز امیر سجاد اور عبدالحفیظ کی جانب سے سزا معطلی کی اپیل پر سماعت کی ۔

مدعی مقدمہ کی جانب سے ایڈووکیٹ سیف السلام سندھو عدالت میں پیش ہوئے،سزا یافتہ پولیس افسران اے ایس آئی امیر سجاد اور اے ایس آئی عبدالحفیظ نے ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی جانیوالی سات سات سال کی سزا ختم کرنے کے لیے اپیل دائر کر رکھی ہے۔ سماعت کے دوران سیف السلام سندھو نے موقف اپنایا کہ سی ایم او پمز کی جانب سے مقتول نوجوان عرفان کی وجہ موت ہی نہیں لکھی گئی جبکہ مقتول کی لاش سی آئی اے کے گیٹ پر موجود پولیس افسران کی گاڑی سے نکلی تھی، ماتحت عدالت نے ملزمان کو سات سات سال قید کی سزا،سولہ سولہ لاکھ پچاس پچاس ہزار روپے دیت اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ کے جسٹس نے بار بار بیانات بدلنے پر پمز اسپتال کے سی ایم او ڈاکٹر نصیر کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔