جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد نے انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا

منگل 7 جولائی 2020 23:34

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد نے انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق داخلوں کے خواہشمند اُمیدواروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا ویب پورٹل 10جولائی سے کھول دیا جائے گا جس کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل 25جولائی تک جاری رہے گا۔اس امر کا فیصلہ منگل کے روز سنڈیکیٹ روم میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کی زیرصدارت ڈینز کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انجینئرنگ کے علاوہ بقیہ تمام پروگرامز میں داخلے انٹری ٹیسٹ کے بغیر مکمل کئے جائیں گے جبکہ انجینئرنگ میں انٹری ٹیسٹ 8سے 11اگست کے دوران مکمل کر لئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اُمیدواروں کے میرٹ میں 40فیصد میٹرک جبکہ 60فیصد انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانی نمبرشامل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلا س میں طے پایا کہ انجینئرنگ کے ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹر ی ٹیسٹ مرکزی کیمپس سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ،بورے والا اور دیپالپور سب کیمپس میں شیڈول کے مطابق منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے اُمور کو اس طرح سرانجام دیا جائے اور طلبہ کی فیسوں،نتائج ،انرول منٹ ،ہاسٹل مینجمنٹ اور فنانشل اسسٹنس باہمی مربوط انداز میں کام کریں تاکہ کسی بھی مرحلہ پر کمی کوتاہی کی بروقت نشاندہی سے طلبہ اور یونیورسٹی کا وقت ضائع کئے بغیر فوری درستگی کر لی جائے۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بہتری کیلئے انٹرنیشنل فیکلٹی، انٹرنیشنل طلبہ ، ٹیچر و طالب علم تناسب اور آئی ایس آئی جرنلز میں تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت پرتوجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے خصوصی کمیٹی قائم کرتے ہوئے اسے ہدایت کی کہ فوری طو رپر داخلوں کیلئے اخباری اشتہار کے مختصر مگر جامع مندرجات ترتیب دیئے جائیں اور اشتہار کی بروقت تشہیر ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے ٹریژر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی آمدن و اخراجات کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیتے ہوئے انہیں گوشواروں کی باقاعدہ رپورٹ بھیجی جائے۔انہوں نے ناظم امتحانات کو ہدایت کی کہ ہر سمسٹر کے نتائج کا اعلان اساتذہ کی جانب سے رزلٹ جمع ہونے کے فوری بعد کر دیا جائے تاکہ طلبہ اپنی کارکردگی بہتربنانے کیلئے بروقت اقدامات اُٹھا سکیں۔ انہوں نے رواں سمسٹر میں طلبہ کی آن لائن امتحانات میں حاضری کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون کے نتیجہ میں آن لائن کلاسز کے فیصلہ سے طلبہ کا قیمتی وقت بچانے میں مدد خاطر خواہ مدد ملی ہے۔

انہوں نے ڈینز پر زور دیا کہ مرکزی راہ داری اور دوسرے مرمتی کاموں کی نگرانی کریں اور کسی بھی غیرتسلی بخش کام کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ مرمت کے معیاری کام کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں رجسٹرار و ٹریژرعمر سعید قادری‘کنونیئر ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈین فوڈ سائنسز و ٹیکنالوجی ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ڈین انجینئرنگ ڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈین ویٹرنری ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین اُمور حیوانات ڈاکٹر اسلم مرزا‘ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر سرفراز حسن‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر اعجاز احمد وڑائچ‘ناظم امتحانات ڈاکٹر وسیم اکرم‘انچارج آئی ٹی سینٹر مسٹر وصی رندھاوا‘ مسٹر اویس شریک تھے۔