وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی

بدھ 8 جولائی 2020 16:04

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ۔ بدھ کو پٹیشنر میاں فیصل ایڈووکیٹ نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی ۔ درخواست میں کہاگیاکہ نااہلی کیس میں عدالت نے 29 جنوری کو فیصل واڈا کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا، فیصل واڈا نے تاحال جواب داخل نہ کرا کے عدالتی حکم عدولی کی۔

درخواست گزار میں کہاگیاکہ عدالتی حکم عدولی پر فیصل واوڈا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، فیصل واڈا کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر کے توہین عدالت قانون کے مطابق سزا دی جائے۔استدعا کی گئی کہ وفاقی وزیر فیصل واڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی پٹیشن زیر سماعت ہے، فیصل واوڈا کے خلاف واضح طور پر نااہلی کا کیس بنتا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ فیصل واڈا نے 11 جون کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جنہیں ریٹرننگ افسر نے 18 جون کو منظور کیا، فیصل واڈا نے امریکی شہریت ترک کرنے کی درخواست 22 جون کو جمع کرائی، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واڈا امریکی شہریت رکھتے تھے جسے چھپایا۔ درخواست میں کہاگیاکہ فیصل واڈا نے غیر قانونی طور پر پبلک آفس سنبھال رکھا ہے۔