ریاض میں پاکستانی شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا

پاکستانی تارک وطن سے 12 ہزار ریال لُوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکو پولیس نے گرفتار کر لئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 جولائی 2020 17:38

ریاض میں پاکستانی شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جولائی 2020ء) ریاض میں مقیم ایک پاکستانی تارکِ وطن کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے جس کے دوران تیز دھارآلے سے لیس ڈاکوؤں نے پاکستانی شہری کی رہائش گاہ میں گھُس کر اسے دبوچ لیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دے کر اس کے پاس موجود 12 ہزار ریال کی رقم لُوٹ کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ ریاض کے علاقے الوزارات میں چند روز قبل پیش آیا ہے۔

تاہم ریاض پولیس نے اس واردات کو انجام دینے والے ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی ویب سائٹ عاجل کے مطابق یہ گینگ پانچ افراد پر مشتمل ہے جن میں تین سعودی شہری ہیں جبکہ دو کا تعلق یمن سے ہے۔ پانچوں ملزمان کی عمریں 20 سال سے کم ہیں۔ ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ یہ گینگ ریاض کے کئی علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتیں کر چکا تھا، ان کا ہدف زیادہ تر تارکین وطن ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے چند روز قبل ایک پاکستانی کے گھر میں داخل ہو کر اس سے لوٹ مار کی تھی۔ جبکہ اور واردات البطحا کے علاقے میں انجام دی، جہاں انہوں نے ایک سوڈانی شہری پر حملہ کر کے اس سے نقدی اور قیمتی سامان چھین لیا تھا۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے ، جس میں مزید وارداتوں کا انکشاف ہونے کا امکان ہے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2020ء میں سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری محمد عمر ولد محمد لئیق جمالی اور اس کے دو سعودی ساتھیوں ھتان بن سراج بن سلطان الحربی اور سلطان بن سراج بن سلطان الحربی کوڈکیتی کی وارداتیں کرنے اور ایک گھر میں گھُس کر دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جُرم میں موت کی سزا سُنائی گئی تھی،جس کے بعد ان تینوں کا سر قلم کر دیا گیا۔

پاکستانی شہری محمد عمر اور اس کے دونوں سعودی ساتھی ھتان اور سلطان سیکیورٹی اہلکاروں کے بھیس میں ایک گھر میں داخل ہوئے، اس دوران انہوں نے شراب بھی پی رکھی تھی۔ تینوں افراد نے گھر میں گھُستے ہی ایک خاتون کوچاقو کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔ سعودی نوجوان ھتان نے اس خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ اسی دوران گھر میں موجود ایک اور خاتون نے ایک کمرے کا دروازہ لاک کر کے خود کو بچانے کی کوشش کی، مگر عمر اور سلطان کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھُس گئے اور اس خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دونوں خواتین نے اپنی عزت بچانے کے لیے ان کی بہت منت سماجت کی، مگر ان درندوں پر کچھ اثر نہ ہوا۔ سفاک ملزمان نے یہ واردات انجام دینے کے بعد بڑے سکون سے گھر میں موجود قیمتی سامان اور نقدی لُوٹی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔