اے این پی خیبرپختونخواکے خواتین کارکنان کا 11جولائی کو احتجاج کا اعلان

ملک کی معاشی بدحالی،کمرتوڑ مہنگائی،18ویں ترمیم کے خلاف سازشیں اور عوام دشمن بجٹ مسترد اے این پی کے صوبہ بھر کے کارکنان سہ پہر دو بجے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں گے

بدھ 8 جولائی 2020 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے خواتین کارکنان و عہدیداران نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں جاری معاشی بدحالی، کمرتوڑ مہنگائی، 18ویں ترمیم کے خلاف سازشیں اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف 11جولائی بروز ہفتہ سہ پہر دو بجے پشاور پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج کیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ باچاخان مرکز پشاور میں بروز بدھ ایک اجلاس میں کیا گیا جسکی صدارت صوبائی نائب صدر شازیہ اورنگزیب نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر شاہین ضمیر، رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ وحید ہوتی،نائب صدر مردان نازیہ شاہ، نائب صدر صوابی ڈاکٹر تسلیم،نائب صدر پشاور روزینہ خان، نائب صدر نوشہرہ سلیمہ جہانگیر،جائنٹ سیکرٹری پشاور زیبا آفریدی سمیت دیگر عہدیداران، مرکزی و صوبائی کونسل اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج میں اراکین پارلیمنٹ،صوبائی عہدیداران، مرکزی و صوبائی کونسل اراکین سمیت دیگر کارکنان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ضلعی نائب صدر مردان سیدہ نازیہ شاہ کو احتجاج کے لئے کوآرڈینیٹر مقرر کیا اور وہ تمام انتظامات کی نگرانی کرے گی۔