انڈونیشیا کی ائیرلائن کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار

انڈونیشین "لائن ائیر" پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کی خواہاں، پاکستانی حکام سے معاملات طے کرنے کی کوششیں جاری

muhammad ali محمد علی بدھ 8 جولائی 2020 23:33

انڈونیشیا کی ائیرلائن کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2020ء ) انڈونیشیا کی ائیرلائن کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار، انڈونیشین "لائن ائیر" پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کی خواہاں، پاکستانی حکام سے معاملات طے کرنے کی کوششیں جاری۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک اور غیر ملکی ائیرلائن نے قدم رکھنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی ائیرلائن لائن ائیر کی جانب سے پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کی سفیر نے کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لائن ائیر اور پاکستانی ایوی ایشن حکام کے درمیان اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد معاملات طے ہو جانے کے بعد انڈونیشیا کی لائن ائیر پاکستان سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دے گی۔

(جاری ہے)

باقاعدہ اجازت ملنے کے بعد ہی لائن ائیر پاکستان میں آپریٹ کر سکتی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ کرونا وائرس بحران سے قبل کئی غیر ملکی ائیرلائن پاکستان سے پروازیں شروع کر رہی تھیں۔ عالمی شہرت یافتہ برطانوی ائیرلائن نے برسوں بعد پاکستان سے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کیا تھا۔ جبکہ دیگر کئی غیر ملکی ائیرلائن بھی پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کی خواہاں ہیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ملک میں سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسی سلسلے میں غیر ملکی ائیرلائن کی جانب سے پاکستان سے پروازیں شروع کرنا بڑی پیش رفت ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی ائیرلائن کی آمد سے ملک میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کے امکانات بڑھ جائیں گے۔