میڈیکل یونیورسٹیاں نرسنگ کے طلباء کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ ملک میں نرسز کی کمی پوری ہو سکے، صدر مملکت

میڈیکل یونیورسٹیوں کو کوویڈ 19 جیسے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے تحقیق اور اعلیٰ معیار کے حامل میڈیکل گریجویٹس تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، عارف علوی کا شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس سے خطاب

جمعرات 9 جولائی 2020 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیکل یونیورسٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ نرسنگ پروگراموں پر توجہ مرکوز کریں اور نرسنگ کے طلبائ کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ ملک میں نرسز کی کمی پوری ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے میڈیکل یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ طلبائ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنائیں اور غیر ملکی طلباء کو بھی مائل کریں۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر تنویر خالق نے صدر مملکت کو طب کی تعلیم کیلئے یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پہلے سینٹ اجلاس کی کارروائی (منٹس) کی توثیق کے علاوہ یونیورسٹی کے سروس رولز کی منظوری بھی دی گئی۔

سینٹ اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کی منظوری کے علاوہ سینٹ سے سینڈیکیٹ کیلئے دو ڈینز اور فنانس اور پلاننگ کمیٹی کیلئے سینٹ کے ایک ممبر کی نامزدگی کی توثیق بھی کی گئی۔ صدر مملکت نے تحقیق اور معیاری تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹیوں کو کوویڈ۔19 جیسے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے تحقیق اور اعلیٰ معیار کے حامل میڈیکل گریجویٹس تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے سینٹ اور سینڈیکیٹ جیسے گورننگ کے اداروں کو تعلیمی اداروں میں گڈ گورننس کو یقینی بنانا چاہئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان، وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر تنویر خالق، پرو وائس چانسلر پروفیسر سیّدہ بتول مظہر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر طارق اقبال، سینٹ کے ارکان، طب کے شعبہ سے وابستہ سینئر ماہرین اور میڈیکل کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔