ایتھوپیا نے بھی پاکستانی پائلٹس کو طیارے اڑانے سے روک دیا

ایتھوپیا میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس کو لائسنس کی تصدیق کے بعد طیارے اڑانے کی اجازت ملے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 11 جولائی 2020 12:56

ایتھوپیا نے بھی پاکستانی پائلٹس کو طیارے اڑانے سے روک دیا
ایتھوپیا (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی 2020ء) ایتھوپیا نے بھی پاکستانی پائلٹس کو طیارے اڑانے سے روک دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی پائلٹس کو اب ایتھوپیا نے بھی جہاز اڑانے سے منع کر دیا ہے۔اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک خط بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایتھوپیا میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کی جائے۔

تایا جائے پی آئی اے کے کن پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔قبل ازیں امریکا بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ پاکستان ائیرلائن کو ایک اور زبردست دھچکا پہنچا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ پی آئی اے پر پابندی اس کی ائیرسیفٹی پر تشویش کی وجہ سے لگائی گئی ۔

(جاری ہے)

پاکستانی پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ امریکا نے پی آئی اے کی ہر قسم کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔ کچھ عرصہ قبل ہی امریکا نے پی آئی اے کو پروازیں چلانے کا خصوصی اجازت نامہ جاری کیا تھا، جسے اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔ عائد کردہ پابندی کا اطلاق فوری ہوگا۔ پی آئی اے اب امریکا کیلئے پروازیں نہیں چلا سکتی۔

واضح رہے کہ 19 سال بعد امریکا کیلئے پی آئی اے کی براہ براست پروازوں کا آغاز ہوا تھا، تاہم اب پائلٹس کے جعلی لائسنس معاملے کی وجہ سے پھر سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل یورپ اور برطانیہ بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر چکے۔ پی آئی اے کو یورپی یونین کے رکن ممالک میں پروازیں چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ فیصلہ پی آئی اے کے پائلٹس کے جعلی لائسنسز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے یورپی یونین کے تمام رکن ممالک سے سفارش کی تھی کہ وہ پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دیں۔ 30 جون کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔