دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ

مجموعی طور پر دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 1 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 14 جولائی 2020 07:02

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ
جنیوا (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی 2020ء) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک مرض کے باعث مختلف ممالک میں اب تک پانچ لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں 34 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، ملک بھر میں اب تک کورونا سے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق امریکہ میں کورونا کے 17لاکھ 59ہزار سے زیادہ فعال متاثرین ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں کورونا وائس کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 571660 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین میں گزشتہ روز ریکارڈ اضافے کے بعد یہ تعداد13041698ہوگئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ برازیل اور برطانیہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی ابتدا کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ 137782ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی امریکہ میں سب سے زیادہ ہے۔

برازیل میں 72151، برطانیہ میں 44904، میکسیکومیں 35006، اٹلی میں34954، فرانس میں30007، سپین میں 28403، بھارت میں 23187، ایران میں12829جبکہ روس میں 11318 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے اب تک 72 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 580513 ہے جبکہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کورونا سے 1866176افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 630 افراد کی ہلاکت کے بعد وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر72151 تک پہنچ گئی۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 34831 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ برازیل امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ دوسرا ملک ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد2 لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں اب تک وائرس سے 44 ہزارسے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران21 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوںکی تعداد44904 ہوگئی۔ برطانیہ کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی650 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران 21 افراد کورونا سے لقمہ اجل بن گئے۔ ادھر بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے 28 ہزار سے زائد نئے مریضوں کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی28701 نئے کیس رپورٹ ہوئے جو ایک دن میں مریضوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 301850 ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 5 سو افراد لقمہ اجل بن گئے جس سے ملک میں اموات کی تعداد 23187 ہوگئی ہے۔

دریں اثناء لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے 35 ہزارسے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز میکسیکو میں کورونا وائرس سے 276 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 4482 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک میں مہلک وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 80 ہزار ہے۔