ترکش ایئرلائن نے آم اور دیگر پھل و سبزیوں کی یورپ تک ایکسپورٹ کے لیے فریٹ میں کمی اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی

منگل 14 جولائی 2020 20:17

ترکش ایئرلائن نے آم اور دیگر پھل و سبزیوں کی یورپ تک ایکسپورٹ کے لیے ..
کراچی۔14 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) ترکش ایئرلائن نے پاکستان سے پھل اور سبزیوں کی فرینکفرٹ، لندن اور دیگر مغربی منڈیوں تک ترسیل کے لیے فریٹ چارجز پر نظر ثانی اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے۔ قومی ایئرلائن کی یورپ کے لیے پروازوں پر چھ ماہ کی پابندی کے بعدپھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے استنبول میں پاکستان کے کمرشل قونصلر بلال خان پاشا نے گزشتہ ہفتہ ترکش ایئرلائن کے چیئرمین ILKER AYCIسے ملاقا ت تھی اور پاکستان سے کمرشل پروازوں کے آغاز بالخصوص ترکش ایئرلائن کے ذریعے پھل او رسبزیوں کی یورپی یونین کو ترسیل پر بات چیت کی تھی۔ ملاقات میں ترکش ایئرلائن کے چیئرمین نے پاکستان کے لیے پروازوں کے آغاز اور یورپی یونین کے لیے پھل سبزیوں کی ترسیل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے تناظر میں پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی قیادت میں ایکسپورٹرز کے ایک وفد نے ترکش ایئرلائن کے پاکستان میں جنرل منیجر Gurhan Sozenسے ملاقات کی۔ پی ایف وی اے کے اراکین شہزاد وڑائچ، سعید خان،محمد ذوالفقار اور شازیہ متین بھی وفد میں شامل تھیں۔ وحید احمد کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر چھ ماہ کی پابندی کی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز اس سہولت سے محروم ہوگئے جو قومی ایئرلائن نے پھل اور سبزیوں بالخصوص آم کی ایکسپورٹ کی لاگت کو کم کرنے کے لیے رعایتی فریٹ کی شکل میں فراہم کی تھی اور ایک بار پھر پاکستانی ایکسپورٹرز غیرملکی ایئرلائنز کے بھاری فریٹ چارجز کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوگئے۔

وحید احمد نے کہا کہ استنبول میں پاکستان کے کمرشل قونصلر بلال خان پاشا نے پاکستانی ایکسپورٹرز بالخصوص پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترکش ایئرلائن کے چیئرمین سے بات کرکے پاکستان کے لیے ترکش ایئرلائن کے تعاون پربات چیت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان کی ایئرلائن میں افرادی قوت کے بحران کے دوران درپیش مسائل کے حل کے لیے ترکش ایئرلائن نے خصوصی تعاون کا یقین دلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر غیرملکی ایئرلائنز یورپ کے لیے بھاری فریٹ چارج کررہی ہیں اس صورتحال میں پاکستان کے لیے فضائی راستے سے آم اور دیگر پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ جاری رکھنا مشکل تر ہوگیا ہے ان حالات میں ترکی کی ایئرلائن نے پاکستان کو تعاون کی پیش کش کی ہے جو قابل تعریف ہے۔ ترکش ایئرلائن کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے پی ایف وی اے کے وفد کی جنرل منیجر Gurhan Sozen سے ملاقات بہت کارآمد رہی۔

پاکستانی ایکسپورٹرز نے ترکش ایرلائن سے پاکستانی پھل سبزیوں کی یورپ، برطانیہ اور کینیڈا تک ترسیل کے لیے فریٹ میں رعایت اور جلد تلف ہونے والی اشیاء یعنی پھل اور سبزیوں کی کنسائمنٹ کے لیے خصوصی سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا۔ اس موقع پر پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے کہاکہ ترکی اور پاکستان مشترکہ اسلامی ثقافت اور بھائی چارے کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

کرونا کی عالمی وباء کے معاشی اثرات کی وجہ سے پاکستان کی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرکے پاکستان کی معاشی مشکلات کم کی جاسکتی ہیں اس حوالے سے ترکش ایئرلائن کا تعاون پاکستان کی ایکسپورٹ کو برقرار رکھنے اور برآمد ی اہداف حاصل کرنے میں معاون ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹرز ترکش ایئرلائن کے ساتھ طویل مدتی بنیادوں پر شراکت کے خواہش مند ہیں۔

اس موقع پر جنرل منیجر ترکش ائرلائن Gurhan Sozen نے فریٹ چارجز میں کمی اور بہترین سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ترکش جنرل منیجر نے پی ایف وی اے سے ایکسپورٹ کے حجم کی تفصیلات بھی طلب کرلیں تاکہ ہر شپمنٹ میں ممکنہ اوسط کارگو کے لیے درکار گنجائش کا اندازہ لگایا جاسکے۔ پی ایف وی اے ترکش ائرلائن کو یورپ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ملکوں کے لیے آم اور دیگر پھل سبزیوں کے لیے درکار گنجائش اور کارگو کے والیوم کی تفصیلات جلد ا ز جلد ترکش ایئرلائن کو فراہم کرے گی تاکہ ترکش ایئرلائن کی مدد سے ان مقامات تک پاکستانی پھل اور سبزیوں کی ترسیل کو ممکن بنایا جاسکے۔

پی ایف وی اے کے وفد نے جنرل منیجر ترکش ایئرلائن Gurhan Sozenکو پاکستان کے خوش ذائقہ آم کا تحفہ بھی پیش کیا۔ وحید احمد کے مطابق ترکش ایئرلائن کے ریجنل کارگو ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء Halit Tuncer نے بھی پاکستان سے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ترکش ایئرلائن کے ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء نے بتایاہے کہ ترکش ایئرلائن نے کراچی لاہور اور اسلا م آباد سے پروزاوں کے آغاز کا شیڈول مرتب کرلیا ہے جن کے ذریعے پاکستان سے پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹرز کو سہولت کی فراہمی کرکے خوشی ہوگی۔

وحیداحمد نے ترکش ایئرلائن سے تعاون کی فراہمی کے لیے بات چیت کے آغاز میں استنبول میں تعینات پاکستانی کمرشل قونصلر بلال خان پاشا کے کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وحید احمد نے کہا کہ پاکستان کے کمرشل قونصلرز کے لیے بلال خان پاشا ایک مثال ہیں جو پاکستان اور ترکی کے درمیان معاشی روابط مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ایکسپورٹرز کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے انتھک محنت کررہے ہیں۔