وزیر اعظم عمران خان آج دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کا دورہ کریں گے

ڈیم کے تعمیراتی کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا جائے گا اور بریفینگ دی جائے گی. حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 جولائی 2020 10:43

وزیر اعظم عمران خان آج دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کا دورہ کریں گے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی ۔2020ء) وزیر اعظم عمران خان آج دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کا دورہ کریں گے وزیر اعظم عمران خان دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیں گے. دریائے سندھ پر تعمیر ہونے والا یہ ڈیم دنیا کا سب سے بڑا آر سی سی ہو گا جو 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کے کام آئے گا اورڈیم سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 48 دن ہو جائے گی‘دیامر بھاشا ڈیم سے سالانہ 18 ارب 10 کروڑ یونٹس سستی ترین بجلی بھی میسر آئے گی اور یہ ڈیم 30 لاکھ ایکڑ رقبے کو سیراب کرنے کے لیے پانی فراہم کرے گا.

دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ اپنی تعمیر کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران مہمند اور دیامر بھاشا پر کام شروع کیا جا چکا ہے‘دیامر بھاشا ڈیم ملک کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی کے لیے اہم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ 29-2028 میں مکمل ہو گا. دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ ہے اور یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا‘ڈیم کی تعمیر سے ملک کی صنعتی سیکٹر کو سستی بجلی فراہم ہو گی تو 16 ہزار سے زائد ملازمتیں بھی ملیں گی اور ڈیم کی تعمیر مقامی افراد کے حالات میں بہتری لائے گی منصوبہ کوہستان اور گلگلت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کا بھی باعث بنے گا.

واضح رہے کہ مئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ آبی وسائل کے منصوبوں کی تکمیل جلد یقینی بنائیں گے‘دیامر بھاشا ڈیم کےکنٹریکٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وقت سے پہلے دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل کریں گے اور دیامر بھاشا ڈیم سے 1.2 ملین ایکڑ زمین آباد ہو گی اور اس منصوبےسے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہو گی.

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق آبی وسائل کومحفوظ کریں گے‘ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے پاک چین دوستانہ تعلقات کا نیا باب شروع ہوگیا ہے، وزارت آبی وسائل اور واپڈا کی کاوشوں سے آج ہم یہاں تک پہنچے ہیں. خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متعلقہ حکام نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا تھاکہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تعمیر کیا جانے والا دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا‘وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت زرعی اورتوانائی ضروریات پرنیشنل واٹرسیکیورٹی اسٹریٹیجی اور ڈیمزکی تعمیرسے متعلق اجلاس اجلاس میں ڈیم سے متعلق زیر التوا معاملات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی تھی.

اجلاس کو بتایا گیاتھا کہ مختلف وجوہات کی بنا پرمنصوبے کی تعمیرمیں ایک دہائی سے ذیادہ کا وقت لگا۔

(جاری ہے)

منصوبے پر کام شروع ہونے سے 16 ہزار500 نوکریاں پیدا ہوں گی‘اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے پرسیمنٹ اوراسٹیل کے بھرپوراستعمال سے صنعت کو سہارا ملے گا۔ دیامربھاشا ڈیم سے4500 میگاواٹ سستی بجلی بھی حاصل کی جاسکے گی. اجلاس کو بتایا گیاتھا کہ ڈیم کے گردونواح میں رقبے کی سوشل ڈیویلپمنٹ پر 78.5 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے‘ ڈیم میں6.4ملین ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنےکی گنجائش ہوگی‘متعلقہ حکام نے اجلاس کو بتایاتھا کہ ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت سے ملک کو درپیش 12 ملین ایکڑفٹ کمی میں بہتری آئے گی.