وزیراعظم کے مشیرپارلیمانی امور سے اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان کی ملاقات

اخبار فروشوں کے مسائل ہم سب ملکر حل کریں گے،بابر اعوان ؁ ان دنوں ملک کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بیرون ممالک اچھی ملازمت کا جھانسا دے کر جعل ساز دونوں ہاتھوں سے لوٹا رہے ہیں،ٹکا خان یہ بات وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں بھی لائونگا اور ایسے تمام ایجنٹس اور کنسلٹنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی،مشیر پارلیمانی امور

بدھ 22 جولائی 2020 23:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2020ء) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹربابر اعوان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹکا خان نے بابر اعوان کو کورونا وائرس کی وجہ سے اخبار فروشوں کے مسائل سے آگاہ کیا کہ کس طرح اس عالمی وبائ سے پاکستان بھر کے اخبار فروش متاثر ہوئے ہیں اور اس وقت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

ٹکا خان نے بابر اعوان سے کہا کہ اخبار فروشوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہم نے وزارت اطلاعات میں فائل جمع کر رکھی ہے اگر آپ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بات کریں تو اخبار فروشوں کے مسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ٹکا خان کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لے کر وزیراعظم سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

ان شائ اللہ اخبار فروشوں کے مسائل ہم سب ملکر حل کریں گے۔ اس موقع پر ٹکا خان نے ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ان دنوں ملک کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بیرون ممالک اچھی ملازمت کا جھانسا دے کر جعل ساز دونوں ہاتھوں سے لوٹا رہے ہیں۔ اس لوٹ مار میں مختلف ایجنٹس اور کنسلٹنٹس ملوث ہیں جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں دفاتر قائم کر دیئے ہیں۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ اس جعل سازی کا نوٹس لے۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے ٹکا خان کو بتایا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ہم ان جعلسازوں کے ہاتھوں نوجوان نسل کو لوٹنے نہیں دیں گے۔ میں یہ بات وزیراعظم پاکستان کے نوٹس میں بھی لائونگا اور ایسے تمام ایجنٹس اور کنسلٹنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہیں۔ ملاقات کے آخر میں ٹکا خان نے بابر اعوان کا شکریہ ادا کیا۔