گوادر، سی پیک کی ترقی پورے علاقے کیلئے گیم چینجر ہے، عمران خان

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی ترقیاتی کونسل کا اجلاس، آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی، عاصم سلیم باجوہ، وزراء کی شرکت، معدنی وسائل کیلئے منرل ایکسپلوریشن کمیٹی کے قیام کی منظوری ،بلوچستان میں زراعت ، توانائی ،بارڈرمارکیٹس کے قیام کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جولائی 2020 19:15

گوادر، سی پیک کی ترقی پورے علاقے کیلئے گیم چینجر ہے، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی پورے علاقے کیلئے گیم چینجر ہے، سی پیک اور گوادر سے مستفید ہونے کیلئے روڈ نیٹ ورک ضروری ہے،بلوچستان میں زراعت ، توانائی اور بارڈرمارکیٹس کے قیام کے منصوبو ں مکمل کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ترقیاتی کونسل کا دوسرا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی، چیئرمین سی پیک کمیٹی عاصم سلیم باجوہ، شاہ محمود قریشی ، علی زیدی، عمر ایوب، عبدالحفیظ، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد، وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی ترقیاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

گوادر پورٹ سے استفادہ کیلئے مختلف منصوبے زیرغور آئے۔

بلوچستان میں زراعت ، توانائی اور آمدورفت ، بارڈرمارکیٹس کے قیام کے منصوبو ں پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان یقینی بنانا، سماجی اور اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان کا زیادہ ترحصہ پسماندگی کا شکار ہے۔ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا مکمل ادراک ہے۔ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو وسائل فراہم کیے گئے لیکن ماضی میں بلوچستان کی فلاح وبہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر سے مستفید ہونے کیلئے روڈ نیٹ ورک ضروری ہے۔ اجلاس میں معدنی وسائل کی تلاش کیلئے منرل ایکسپلوریشن کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔