عید کے بعد تمام بند کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دی جائے،محمد احمد وحید

اسلام آبا د میں عید سے قبل لاک ڈائون نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

جمعرات 30 جولائی 2020 20:40

عید کے بعد تمام بند کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دی جائے،محمد احمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی بزنس کمیونٹی کے مطالبات کا احترام کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے عید سے قبل اسلام آباد میں لاک ڈائون نہیں لگایا اور ایس او پیز کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جس کیلئے ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں۔

انہوں نے آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کا بھی شکرایہ ادا کیا جن کی قیادت میں اسلام آباد پولیس نے تاجروں کے ساتھ تعاون کیا اور مارکیٹوں میں ریش نہیںبڑھنے دیا جس وجہ سے اسلام آباد میں کرونا وائرس زیادہ نہیں پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ڈپٹی کمیشنر حمزہ شفقات کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی بروقت کوششوں سے اسلام آباد میںکرونا وائرس کو کافی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے جس وجہ سے کیسوں کی تعداد دن بدن کم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں عید سے پہلے کاروبار بند کرنا اسلام آباد کے شہریوں اور معیشت کے مفاد میں نہیں تھا۔محمد احمد وحید نے کہا کہ کروناوائرس پر قابو پانے کیلئے حکومت کو طویل لاک ڈائون لگانا پڑا جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہت نقصان پہنچا اور ہماری معیشت مزید کمزور ہو گئی ہے۔ تاہم اسلام آباد میں عید سے پہلے کاروبار کھلے رکھنے سے تاجروں کو ایک اچھا موقع مل گیا ہے کہ ان دنوں کاروبار کر کے اپنے نقصان کی کچھ تلافی کر سکیں۔

انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے دوران انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تا کہ وائرس دوبارہ نہ پھیلے۔ انہوںنے کہا کہ جتنی جلدی وائرس ختم ہو گا اتنی جلدی کاروبار اپنے معمول پر آئیں گے اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہو گی لہذا شہری اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کریں۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اس وقت بھی اسلام آباد میں ریسٹورینٹس اور شادی ہال بند ہیں جس وجہ سے ہزاروں ورکرز بے روزگار ہو گئے ہیں اور غربت و بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ لہذا انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ عید کے بعد تمام بند کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے تا کہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں اور بے روزگاری کم ہو۔