پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ، مارکیٹ کے سرمائے میں95ارب روپے کااضافہ

پیر 3 اگست 2020 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) عید الاضحی کی سرکاری تعطیلات کے بعد پیر کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان رہااور کے ایس ای100انڈیکس600پوائنٹس کے اضافے سے 39800پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں95ارب روپے کااضافہ بھی ریکارڈ کیا گیاجس کی وجہ سے سرمایے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے کے قریب آگیا مارکیٹ میں69فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد پہلے ہی دن کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیںسرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے سیمنٹ ،توانائی،فوڈز اور بینکنگ سیکٹرز میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39300،39400،39500،39600،39700اور39800 پوائنٹس کی 6بالائی حدیں عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 613.17پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39258.44پوائنٹس سے بڑھ کر 39871.61پوائنٹس پر جا پہنچا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس250.44پوائنٹس کے اضافے سی17070.0پوائنٹس سے بڑھ کر 17320.46پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27559.26پوائنٹس سے بڑھ کر 27896.15پوائنٹس پر آگیا ۔

تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 95ارب94کروڑ29لاکھ 6ہزاور81روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 72کھرب94ارب 27کروڑ60لاکھ 91ہزار523روپے سے بڑھ کر 73کھرب90ارب 21کروڑ89لاکھ 97ہزار604روپے ہو گیا ۔پیر کو مارکیٹ میں 25ارب روپے مالیت کے 53کروڑ93لاکھ 15ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گذشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری روز جمعرات کو 17ارب روپے مالیت کے 36کروڑ87لاکھ حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو مجموعی طور پر 412کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے 286کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،110میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف 3کروڑ49لاکھ ،پاور سیمنٹ 3کروڑ25لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 2کروڑ98لاکھ ،پاک الیکٹرون 2کروڑ49لاکھ اور کے الیکٹرک 2کروڑ30لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

قیمتوں میں اتار چڑھا کے اعتبار سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت میں 450.0روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت 7950.00روپے ہو گئی اسی طرح 57.99روپے کے اضافے سے سیفائر فائبر کے حصص کی قیمت 843.99روپے پر جا پہنچی جبکہ ماری پیٹرولیم کے حصص کی قیمت 23.75روپے کی کمی سے 1350.30روپے اور فیصل اسپیننگ کے حصص کی قیمت 19.99روپے کی کمی سے 305.00روپے پر آ گئی ۔